10 جون 2014 - 11:00
کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگردوں کا ایک بار پھر حملہ، اے ایس ایف کا منہ توڑ جواب

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پرطالبان رہنما خالد عمر خراسانی کے نے اپنے ایک پیغام میں کراچی میں اے ایس ایف اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر ایئرپورٹ میں آگئے ہیں۔

ابنا: جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر ایک بار پھر حملہ کر دیا جب کہ اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے حملہ آوروں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جدید ہتھیاروں سے لیس ملزمان نے کراچی ایئرپورٹ سے متصل اے ایس ایف کے کیمپ نمبر 2 پر دھاوا بول دیا جب کہ اے ایف ایس، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔ اے ایس ذرائع کا کہنا ہے گاڑی میں 5 حملہ آوروں نے پہلوان گوٹھ اور کچی آبادی والے علاقے سے ایئرپورٹ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ حملے کے دوران فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا جب کہ علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے جب کہ حملہ آور گلستان جوہر کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے جس مقام سے حملہ کیا سیکیورٹی فورسز نے اس کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن جب کہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں عارضی طور پر معطل کیا جانے والا فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما خالد عمر خراسانی کے نے اپنے ایک پیغام میں کراچی میں اے ایس ایف اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر ایئرپورٹ میں آگئے ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی جدید ہتھیاروں سے لیس 10 دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق جب کہ 10 حملہ آور مارے گئے تھے۔

.......

/169